نئی دہلی، یکم اگست (یو این آئی) آئی این ڈی آئی اے اتحاد کی مختلف پارٹیوں کے لیڈروں نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر بہار میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس معاملے پر ایوان میں بحث کرانے پر زور دیا ہے ۔ آئی این ڈی آئی اے اتحاد کے لیڈروں نے بہار میں جاری ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس لیے بھی فکر کی بات ہے کیونکہ چند ماہ میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے اسے معمول سے الگ عمل قراردیتے ہوئے کہا کہ انتخابی کمیشن نے عندیہ دیا ہے کہ اس طرح کی مہم جلد ہی ملک بھر میں چلائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کی شفافیت، وقت کی حد اور مقصد کے بارے میں بڑے خدشات پائے جاتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ اس معاملے پر فوری طور پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے ۔ اپوزیشن پارٹیوں نے اپنے خط میں کہا کہ رواں اجلاس کے آغاز سے ہی مختلف پارٹیاں اس مسئلہ کو مسلسل اٹھا رہی ہیں اور حکومت کے ساتھ کئی میٹنگوں میں اس مسئلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کا اعادہ کیا گیا ہے۔
یہ مسئلہ 20 جولائی کو ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں بھی اٹھایا گیا تھا اور حکومت نے کہا تھا کہ تمام مسائل پر بات کی جائے گی لیکن ابھی تک اس پر بحث کی تاریخ طے نہیں کی گئی۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ ووٹر لسٹ پر نظرثانی کا براہ راست حق رائے دہی اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد پر اثر پڑتا ہے ۔ اگر یہ مسئلہ ایوان میں زیر بحث آئے تو اس پر مزید وضاحت، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔