اپوزیشن پارٹیوں کو ہراساں کرنے کیلئے سی بی آئی کا استعمال

,

   

بی جے پی حکومت کئی سرکاری اداروں کو ’’حلیف‘‘ بنا چکی ہے، ممتا بنرجی کا دعویٰ
کولکاتا 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کو بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے ’’حلیفوں‘‘ کو شامل قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج الزام عائد کیاکہ مرکز ملک بھر میں اپوزیشن پارٹیوں کو ہراساں کرنے کے لئے اِس تحقیقاتی ایجنسی کا استعمال کررہا ہے۔ اُنھوں نے سی بی آئی کو جس کا ہنوز نیا ڈائرکٹر نہیں آیا ہے، قیادت سے عاری بتایا اور کہاکہ یہ اب اختیارات سے محروم بی جے پی بن چکا ہے۔ ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیاکہ اِس طرح سیاسی انتقام کی کارروائیاں جاری ہیں۔ بی جے پی اور اُس کے ’حلیف‘ جو کئی حکومتی اداروں پر مشتمل ہیں، کولکاتا سے دہلی تک اور اُس سے کہیں آگے اپوزیشن کے تمام حلیف جماعتوں کو ہراساں کررہے ہیں۔ اُنھوں نے یہ شبہ بھی ظاہر کیاکہ آیا زعفرانی پارٹی ’’خائف‘‘ ہے اور اِسی لئے ’’مایوسانہ‘‘ اقدام میں اِن ایجنسیوں کو استعمال کرنے پر مجبور ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اکھلیش یادو سے بہن مایاوتی جی تک کسی کو بھی نہیں بخشا گیا ہے۔ شمال سے جنوب تک اور مشرق سے مغرب تک بی جے پی کی طرف سے سیاسی انتقام جاری ہے۔ کیا وہ خوفزدہ ہیں؟ کیوں مایوس ہوچلے ہیں؟ ایک بے قیادت ایجنسی، کمزور بی جے پی بن چکی ہے۔ سی بی آئی نے سابق چیف منسٹر ہریانہ بھوپندر سنگھ ہوڈا اور دیگر کے خلاف 2009 ء میں گرگاؤں کے اراضی الاٹمنٹ میں مبینہ بے قاعدگیوں پر ایک نیا کیس درج رجسٹر کیا ہے اور اِس ضمن میں آج دہلی ۔ این سی آر میں 20 مقامات پر تلاشیاں انجام دی گئیں۔ سی بی آئی نے جمعرات کو مشہور بنگالی فلم پروڈیوسر شری کانت موہتا کو روز ویلی چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں گرفتار کیا۔ ذرائع نے کہاکہ موہتا مغربی بنگال میں برسر اقتدار ترنمول کانگریس کے قریبی شخص بتائے جاتے ہیں، جنھوں نے مبینہ طور پر روز ویلی کو 25 کروڑ روپئے کا دھوکہ دیا۔