اپوزیشن کا متحد ہو کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ تاریخی :راہول

,

   

اپوزیشن جماعتیں ہی ملک کو درپیش مسائل اتحاد کے ساتھ حل کرسکتی ہیں، نتیش کمار اور تیجسوی کی کانگریس قائد سے ملاقات

نئی دہلی: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اور دیگر رہنماؤں نے چہارشنبہ کو یہاں کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور پارٹی صدر ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کر کے انتخابات میں حصہ لینے کا تاریخی فیصلہ کیا۔میٹنگ کے بعد راہول گاندھی نے ملاقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کی طرف بڑھنے کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اپوزیشن پارٹیاں کس حکمت عملی کے ساتھ متحد ہو کر آگے بڑھیں گی، راہول گاندھی نے کہا کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں ایک ساتھ کھڑی ہو کر اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا شروع کر دیں تو یہ خود بخود طے ہو جائے گا کہ اتحاد کو کس طرح مضبوط کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تمام جماعتوں کے قائدین مل بیٹھیں گے اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو یہ خیالات خود بخود آنے لگیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کے لیے متحد ہیں اور مل کر ملک کے مسائل حل کریں گے ۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہو سکتا ہے جس میں اپوزیشن اتحاد کو متحد کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ جنتا دل یونائیٹڈ لیڈر نتیش کمار، پارٹی صدر للن سنگھ، راشٹریہ جنتا دل۔آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، منوج جھا سمیت کئی سرکردہ لیڈروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔کھرگے نے کہا ‘‘آئین کو بچائیں گے اور جمہوریت کو بچائیں گے ۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور دیگر لیڈروں سے ملاقات کرکے عوام کی آواز کو ایک ساتھ اٹھانے اور ملک کو ایک نئی سمت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آج ہماری ایک تاریخی ملاقات ہوئی جس میں بہت سے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ ہم سب نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کریں گے اور آنے والے عام انتخابات مل کر لڑیں گے ۔کمار نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں زیادہ سے زیادہ متحد ہوں گی اور سب مل کر آگے بڑھیں گے ۔
۔