اپوزیشن کے ہنگامہ کے بعد بہار اسمبلی کی کارروائی ملتوی

   

پٹنہ: بہار اسمبلی میں جمعرات کے روز کچھ ارکان کے متعینہ بندوبست کے مطابق نہ بیٹھنے کے خلاف احتجاج میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رکن بھائی ویریندر نے ٹریژری میز کے قریب جا کر قائد ایوان وزیر اعلیٰ کی نشست پربیٹھنے کی کوشش کی، جس سے افراتفری کے ماحول اور ہنگامہ آرائی کے بعد اجلاس کی کارروائی دوپہر کے کھانے کے وقفے تک ملتوی کردی گئی۔اسمبلی کے اسپیکر نند کشور یادو نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بھائی ویریندر کے ایوان کے وسط میں اپوزیشن اراکین کی طرف سے شور وغل اور ہنگامہ کرنے کی کارروائیوں کا سخت نوٹس لیا اور انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنے کا انتباہ دیا۔ انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو ایوان میں افراتفری پیھلانے والے بھائی ویریندر اور دیگر ارکان کو مارشل کے ذریعہ باہر کرنے کا حکم دیا ۔ایوان کی ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے اسپیکر نے ایوان کی کارروائی 12.06 بجے دوپہر کے کھانے کے وقفے تک ملتوی کر دی۔