اڈوانی سے سلوک شرمناک ‘ عوام برہم : شتروگھن سنہا

   

پٹنہ 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اداکار سے سیاستدان بننے والے پٹنہ صاحب کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی پر ‘ پارٹی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کے ساتھ تکلیف دہ اور شرمناک انداز میں نمٹنے کا الزام عائد کیا ۔ شتروگھن سنہا کو اس بار پارٹی نے ٹکٹ سے محروم کردیا ہے ۔ اپنے ٹوئیٹس میں سنہا نے ادعا کیا کہ بی جے پی نے اڈوانی کو ٹکٹ نہ دینے کا جو فیصلہ کیا ہے اسے کئی لوگ قبول نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پریشان کن ‘ تکلف دہ اور شرمناک ہے ۔ 91 سالہ ایل کے اڈوانی وزیر داخلہ اور نائب وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ گاندھی نگر کے موجودہ رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔ وہ بی جے پی کے ایک سے زائد بار صدر رہے ہیں اور نہیں پارٹی کو قومی سطح پر ابھارنے کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے ۔ شتروگھن سنہا نے کہا کہ اڈوانی کو پارٹی صدر سے بدلا گیا ہے اس کے باوجود امیت شاہ ایل کے اڈوانی کا بدل نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا عمدا اور سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے اور ملک کے لوگ اسے اچھا نہیں سمجھ رہے ہیں۔