اڈیشہ میں راہول گاندھی کے ہمراہ بھٹی وکرمارکا کی انتخابی مہم

   

بالاسور لوک سبھا حلقہ میں روڈ شو، نوجوانوں کیلئے 30 لاکھ روزگار کا وعدہ
حیدرآباد ۔ 30۔ مئی (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ کی رائے دہی کیلئے اڈیشہ کے بالاسور پارلیمانی حلقہ میں کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ساتویں اور آخری مرحلہ کی انتخابی مہم کا آج اختتام عمل میں آیا۔ بالاسور پارلیمانی حلقہ میں تلگو بولنے والے رائے دہندوں کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے ، لہذا تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کو کانگریس ہائی کمان نے انتخابی مہم کی ذمہ داری دی۔ بھٹی وکرمارکا نے آج صبح بالاسور پہنچنے پر راہول گاندھی کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر اڈیشہ کے اے آئی سی سی انچارج اجئے کمار اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ بھٹی وکرمارکا نے ہائی کمان کی ہدایت پر پنجاب ، ہریانہ اور مہاراشٹرا میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ آخری مرحلہ کی رائے دہی کے سلسلہ میں انہیں اڈیشہ کے بالاسور پارلیمانی حلقہ کی ذمہ داری دی گئی۔ راہول گاندھی نے بالاسور میں روڈ شو کیا اور عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ مرکز میں انڈیا الائنس کے برسر اقتدار آنے پر غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بیروزگار نوجوانوں کیلئے 30 لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا۔ بھٹی وکرمارکا نے راہول گاندھی کو تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرایا اور بتایا کہ حکومت نے 6 ضمانتوں میں سے 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حکومت کی پانچ ماہ کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہے اور تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں میں 13 پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ بھٹی وکرمارکا انتخابی مہم کے اختتام کے بعد حیدرآباد واپس ہوگئے۔ 1