بھوبنیشور، 17 اکتوبر (یو این آئی) اڈیشہ ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن کی شرائط پر عمل نہ کرنے پر اڈیشہ اسٹاف سلیکشن کمیشن کے تحت منعقدہ ہندی اساتذہ تقرری کا امتحان جمعہ کے روز منسوخ کر دیا۔عدالت نے اس معاملے کی سماعت کے دوران سوال کیا کہ ایسی غلطی کمیشن سے کیسے ہو سکتی ہے ، جو سرکاری ملازمتوں کے انتخاب اور روزگار کے معاملات میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے ؟ اڈیشہ حکومت میں گروپ-بی اور گروپ-سی کے عہدوں پر تقرر کرنے والے کمیشن کو تقرری نوٹیفکیشن میں مقررہ طریقئہ کار پر عمل نہ کرنے پر سرزنش کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے جسٹس دکشت کرشن شریپاد کی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ ہندی اساتذہ کے 711 عہدوں کے لیے انتخابی عمل منسوخ کیا جاتا ہے اور تحریری مرکزی امتحان سے قبل ابتدائی امتحان منعقد کرایا جانا چاہیے ۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جہاں تک ہندی اساتذہ کے عہدوں کا تعلق ہے ، کمیشن تقرری کے اشتہار کے مطابق تین ماہ کی مدت میں ابتدائی امتحان منعقد کرے گا۔ ان عہدوں کے لیے 15 مئی کو تحریری مرکزی امتحان منعقد کیا گیا تھا۔