صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے جھنڈی دکھائی
اقلیتی خاندانوں کی بھلائی چیف منسٹر کا مقصد
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے اڈیشہ کی سنچورین یونیورسٹی میں اقلیتی طلبہ کو اسکل ڈیولپمنٹ کورسس میں ٹریننگ کے سلسلہ میں 26 امیدواروں پر مشتمل پہلا بیاچ آج شام حیدرآباد سے روانہ ہوا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے حج ہاؤز میں خصوصی بس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ امیدواروں کے ہمراہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید اور دیگر عہدیدار اڈیشہ کیلئے روانہ ہوئے۔ وقف بورڈ نے یونیورسٹی کے مختلف کورسس جیسے سی این سی ، اینیمیشن ، ٹیالی ، جی ڈی اے میں ٹریننگ کیلئے امیدواروں کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وقف بورڈ کی آمدنی سے اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ بورڈ نے 100 امیدواروں کو ٹریننگ دینے کا نشانہ مقرر کیا اور یونیورسٹی حکام نے انٹرویو کے ذریعہ 50 امیدواروں کا سلیکشن کیا ہے ۔ پہلے بیاچ میں 26 امیدوار روانہ ہوئے ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت میں وقف بورڈ کو یہ اعزاز حاصل ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ وقف بورڈ ملک کا پہلا وقف بورڈ جس میں اقلیتی نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ روزگار سے وابستہ کرنے کی تحریک شروع کی ہے۔ اس ٹریننگ کے بعد نہ صرف نوجوان خودکفیل ہوسکتے ہیں بلکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کے موقف میں ہوں گے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے وقف بورڈ مختلف اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر طالب علم پر ایک لاکھ روپئے کا خرچ آئے گا۔ طعام ، قیام اور دیگر تمام اخراجات وقف بورڈ برداشت کرے گا۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹریننگ پر توجہ دیں اور سوشیل میڈیا پر وقت ضائع نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کیلئے تعلیم ضروری ہے اور تعلیم کے ساتھ ہنرمندی حاصل ہوجائے تو خاندان کی بھلائی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ماہ کی ٹریننگ کے دوران وقف بورڈ کے عہدیدار اڈیشہ پہنچ کر امیدواروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا بیاچ بہت جلد اڈیشہ روانہ ہوگا۔
اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید نے امیدواروں کے والدین کو یقین دلایا کہ وقف بورڈ اپنے بچوںکی طرح ٹریننگ کی نگرانی کرے گا۔ امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ستائش کی جنہوں نے ان کے بچوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کورس میں ٹریننگ کا اہتمام کیا ہے۔
