اکبرالدین اویسی کی مشروط ضمانت منسوخ کرنے عدالت میں درخواست

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) مجلسی قائد مقننہ اکبرالدین اویسی کی مشروط ضمانت منسوخ کرنے کیلئے نامپلی کریمنل کورٹ میں ایک درخواست داخل کی گئی ۔ شہر کے ایک وکیل کے کرونا ساگر نے اسپیشل سیشن کورٹ میں ایک درخواست داخل کی ہے ۔ عدالت نے اس کی سماعت جمعہ کو مقرر کی ہے ۔ ایڈوکیٹ نے نامپلی کریمنل کورٹ میں واقع اسپیشل سیشن کورٹ جو ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی کے خلاف درج کئے گئے مقدمات کی سماعت کیلئے قائم کی گئی ہیں میں ایک درخواست داخل کی ۔ کرونا ساگر نے اپنی درخواست میں بتایا کہ نظام آباد II ٹاؤن پولیس نے 2013ء میں اشتعال انگیز تقریر کا ایک مقدمہ اکبر اویسی کے خلاف درج کیا تھا اور /5 فبروری 2013 ء کو نظام آباد کی ایک عدالت نے مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے جیل سے رہائی کا حکم دیا تھا ۔ درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جاریہ سال /23 جولائی کو اکبر الدین اویسی نے ضلع کریم نگر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اشتعال انگیز تقریر کی جس کے پس منظر میں چندرائن گٹہ رکن اسمبلی کی مشروط ضمانت منسوخ کی جائے ۔ عدالت نے اس درخواست کی سماعت جمعہ کے دن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے احکام پر ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے خلاف درج شدہ مقدمات کی سماعت کیلئے ایک خصوصی کورٹ قائم کرنے کا حکم دیا تھا جس کے نتیجہ میں نامپلی کریمنل کورٹ میں ایک عدالت قائم کی گئی تھی اور مذکورہ مقدمہ نظام آباد سے نامپلی کی عدالت کو منتقل ہوا تھا ۔