اکٹوبر ، نومبر اور دسمبر میں کورونا وائرس کیسس میں اضافہ کا اشارہ

   

تہواروں اور شادیوں کے موسم میں سختی سے عمل آوری کی ہدایت ، مرکزی وزارت صحت کا انتباہ
حیدرآباد۔7اکٹوبر(سیاست نیوز) تہواروں اور شادیوں کے موسم کے دوران کورونا وائرس کی وباء ایک مرتبہ پھر سے شدت اختیار کرسکتی ہے ۔ مرکزی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے بعد ملک کی کئی ریاستو ںمیں حکومتوں کی جانب سے محکمہ صحت کو چوکسی اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے اکٹوبر‘ نومبر اور ڈسمبر کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان مہینوں کے دوران شہریو ںکو پرہجوم مقامات پر جانے سے اجتناب کرنے کے علاوہ انہیں ماسک کے استعمال پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ جن لوگوں نے اب تک کورونا وائرس کا ٹیکہ نہیں لیا ہے انہیں فوری طور پر ٹیکہ حاصل کرلینا چاہئے ۔ مرکزی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے آئندہ ماہ کے دوران مختلف امراض میں مبتلاء 18 سال سے کم عمر کے بچوں کو ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کے پاس 12 تا 18 سال کی عمر کے بچوں کو دینے کیلئے 2 ٹیکہ موجود ہیں جن میں سے کسی ایک یا دونوں دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ مرکزی وزارت صحت کے اس انتباہ پر ملک کی کئی ریاستوں میں دوبارہ چوکسی اختیار کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ شادیوں کے موسم کے علاوہ تہواروں کے دوران احتیاط کو یقینی بنانے کیلئے عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گا اور انہیں سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ ساتھ سردی ‘ نزلہ ‘ زکام اور دیگر علامات کی صورت میں فوری کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کا مشورہ دیا جائے گا ۔ تلنگانہ میں ڈینگو کی وباء جاری ہے اور ڈینگو کے علاوہ کورونا وائرس کی علامتو ںمیں کوئی زیادہ فرق نہیں ہے اسی لئے عوام کو زیادہ سے زیادہ احتیاط کے علاوہ فوری علاج پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ملک کی بیشتر ریاستو ںمیں کورونا وائرس کے تحدیدات کو بتدریج ختم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اسکولوں کی کشادگی کے علاوہ تفریحی مقامات کی کشادگی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کے نئے انتباہ کے بعد دہلی ‘ کیرالہ کے علاوہ مہاراشٹرا میں حکومت کی جانب سے ماسک کے لزوم پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کی تاکید کی جا رہی ہے اور اگر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے تو ایسی صورت میں حکومت کی جانب سے دوبارہ تحدیدات عائد کی جائیں گی ۔م