نئی دہلی ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) ماہ اکٹوبر میں بھی جی ایس ٹی کلکشن میں کمی ہی درج ہوئی ہے اور 95,380 کروڑ روپئے ہی وصول ہوئے ہیں۔ حکومت کے آج جاری کردہ ڈاٹا میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ مسلسل تیسرا مہینہ ہے کہ جی ایس ٹی کلکشن ایک لاکھ کروڑ روپئے سے کم رہا ہے حالانکہ اکٹوبر کا مہینہ تہواروں کا مہینہ تھا ۔ ستمبر میں مالیہ وصولی 91,916 کروڑ روپئے رہی تھی ۔ وزارت فینانس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جملہ جی ایس ٹی مالیہ جو اکٹوبر میں وصول کیا گیا وہ 95 ہزار 380 کروڑ روپئے کا رہا ہے ۔ ان میں مرکز کا جی ایس ٹی 17,582 اور ریاستوں کا 23,674 کروڑ شامل ہیں ۔ جبکہ آئی جی ایس ٹی 45,517 کروڑ ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جملہ 73.83 لاکھ جی ایس ٹی ریٹرنس ماہ اکٹوبر میں داخل کئے گئے ۔