اکھلیش کی بہار میں ووٹر ادھیکار یاترا میں شرکت

,

   

پٹنہ، 30 اگست (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج بہار کے سارن ضلع میں ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘میں شمولیت اختیار کی اور ریاست میں ووٹر لسٹ کے خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف جدوجہد کی حمایت کا اظہار کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعہ یادو کا ووٹر ادھیکار یاترا میں خیرمقدم کیا اور کہا کہ یادو ملک کے آئین اور جمہوری ڈھانچے کے تحفظ کی لڑائی میں ایک مضبوط اتحادی رہے ہیں۔ وینوگوپال نے کہا کہ یادو اتر پردیش اور پورے ملک میں غریبوں اور محروموں کی مضبوط آواز رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹر ادھیکار یاترا کو ان کی حمایت سے عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کی لڑائی کو مزید تقویت ملے گی۔ غور طلب ہے کہ اس سے قبل تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن نے بھی کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی قیادت میں جاری ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل ہو کر اپنی حمایت کی تھی۔واضح رہے کہ سال 2023 میں اپوزیشن جماعتوں کا قومی سطح کا انڈیا اتحاد بنایا گیا تھا جس کا مقصد 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو چیلنج کرنا تھا۔