لکھنؤ: سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو مین پوری کی کرہل اسمبلی سیٹ سے پیر کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ اکھلیش اپنے آبائی گاؤں سیفئی روانہ ہوگئے ہیں۔ جہاں وہ دو دنوں تک اٹاوہ ،مین پوری اور قنوج کے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کے ساتھ انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس دوران پیر کو وہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔اس سیٹ پر تیسرے مرحلے میں 20فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ تیسرے مرحلے کے الیکشن والی سیٹوں پر امیدواروں کی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ منگل ہے ۔ایس پی نے اکھلیش کو ضلع مین پوری کی کرہل سیٹ سے امیدوار قرار دیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ اعظم گڑھ سیٹ سے موجود رکن پارلیمان اکھلیش پہلی بار اسمبلی الیکشن لڑرہے ہیں۔ مانا جاتا ہے کہ اکھلیش کے پرچہ نامزدگی کے وقت پارٹی کے تمام سینئر لیڈر و معروف چہرے موجود رہیں گے ۔نامزدگی کے بعد وہ کرہل علاقے میں گھر گھر جاکر ووٹ مانگیں گے ۔ اس دوران ان کا علاقے میں ایک روڈ شو بھی ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے اس سیٹ پر گیان وتی یادو کو اور بی ایس پی نے کلدیپ نارائن کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ حالانکہ اس سیٹ پر بی جے پی نے اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے ۔