بنگلورو ۔ بی جے پی کے متنازعہ قائد تیجسوی سوریہ نے مسلمانوں اور عیسائیوں کے بارے میں ایک اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے انہیں گھر واپسی کا مشورہ دیتے ہوئے ایک بار پھر ہندو بن جانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ یہ کام جنگی خطوط پر ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی مذہب کے واقعات کو روکنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہندو کو یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ہندوازم کی بقاء کے راستے میں کون حائل ہے۔ انہوں نے اسلام اور عیسائیت کے بارے میں کہا کہ یہ دونوں صرف ایک مذہب ہی نہیں بلہ سیاسی نظریات رکھنے والے مذاہب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ ٹیپو سلطان کی جینتی منانے کی بات کرتے ہیں وہ کبھی کلام جینتی یا شیشونالا شریفہ جینتی منانے کی بات نہیں کرتے۔ تیجسوی سوریہ نے مزید کہا کہ ہم نے رام مندر تعمیر کیا، کشمیر کی دفعہ 370 ختم کی اور اب پاکستان کے مسلمانوں کو ہندو بنانا باقی ہے جس کے لئے ہمیں گھر واپسی کو اولین ترجیح دینی چاہئے۔ اکھنڈ بھارت کی تشکیل میں پاکستان کو بھی شامل کرلیا جائے گا اور سارے ملک میں صرف مٹھوں اور مندروں کا بول بالا ہوگا۔