اگادی تک مطالبات کی عدم تکمیل پر حکومت کے خلاف بڑی جنگ کا آغاز

   

کے سی آر کو بنڈی سنجے کا مکتوب ، کسانوں اور نوجوانوں سے کئے گئے وعدے نامکمل
حیدرآباد۔13۔ جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی صدر بنڈی سنجے نے اعلان کیا کہ اگر چیف منسٹر انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام رہتے ہیں تو پارٹی ایک بڑے ایجی ٹیشن کا آغاز کرے گی۔ بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کے سی آر کو کھلا مکتوب روانہ کیا جس میں مختلف انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کا حوالے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیراعظم کو جو مکتوب روانہ کیا ہے اس میں بے بنیاد اور گمراہ کن باتیں درج ہیں تاکہ عوام کو گمراہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کی تکمیل میں ناکام کے سی آر حکومت اپنی ناکامیوں کیلئے مرکز کو ذمہ دار قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ کے سی آر نے وزیراعظم کو مکتوب کے ذریعہ جو باتیں کہی ہیں ان کا مرکز سے زیادہ ریاست سے تعلق ہے۔ کسانوں کے معاملہ میں مرکز نے ہمیشہ فراخدلانہ پالیسی اختیار کی ہے جبکہ ٹی آر ایس حکومت نے دھان کی عدم خریدی کے ذریعہ کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ بنڈی سنجے نے جی او 317 میں ترمیم کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جی او پر عمل آوری کے ذریعہ ملازمین اور اساتذہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو تقسیم کرنے کی اس کارروائی میں کئی بے قاعدگیاں انجام دی گئیں۔ انہوں نے سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بیروزگار نوجوان گزشتہ 7 برسوں سے روزگار کے انتظار میں ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں کو شامل کرنے کیلئے روزگار کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے کے سی آر نے کھلے مکتوب کے ذریعہ نیا ڈرامہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غلط فیصلوںکے نتیجہ میں ملازمین ، کسان ، بیروزگار نوجوان اور اساتذہ سنکرانتی تہوار منانے کے موقف میں نہیں ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے بجائے کے سی آر سیاسی ڈرامہ کر رہے ہیں تاکہ مرکزی حکومت پر دباؤ بنایا جائے۔ عوام کو حقیقی صورتحال سے واقف کرانے کیلئے انہوں نے کے سی آر کو کھلا مکتوب روانہ کیا ہے۔ 13 اپریل 2017 ء کو کئے گئے وعدہ کے مطابق کسانوںکو کھاد مفت سربراہ کی جانی چاہئے ۔ کسانوں کو ایک لاکھ روپئے تک کا قرض معاف نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ایس سی ، ایس ٹی کسان حکومت کی رعایات سے محروم ہیں۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ اگر اگادی تک مطالبات کی تکمیل نہیں کی گئی تو بی جے پی کسانوںکی جانب سے بڑی لڑائی کا آغاز کرے گی۔ ر