اگر میں جھک جاتا تو اتنے دنوں تک جیل میں نہ رہتا :لالو یادو

   

نئی دہلی: بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت کے قیام کے بعد راشٹریہ جنتا دل کے حوصلے بلند ہیں۔ پٹنہ میں منعقد ایک پروگرام میں آر جے ڈی لیڈر لالو یادو نے کہا کہ میڈیا اب بی جے پی کا بن گیا ہے اور یہ مودی کا ‘منہ’ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا بار بار ایک ہی چیز دکھاتا رہتا ہے۔ لالو یادو نے کہا کہ ملک بھر میں کئی پارٹیوں نے فسادی پارٹی سے سمجھوتہ کیا ہے۔ لیکن میں نہیں جھکا۔ نہ ہی میں جھکنے والا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں جھک جاتا تو شاید اتنے دن جیل میں نہ رہنا پڑتا۔ انہوں نے بی جے پی کو ملک دشمن قرار دیا۔ اس دوران لالو پرساد کے ساتھ شرد یادو اور بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو بھی موجود تھے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ “آپ کو اچھا برتاؤ کرنا ہوگا، تب ہی لوگ آپ کے ساتھ شامل ہوں گے انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام پسماندہ، دلتوں کو ساتھ لانا ہوگا۔ اس کے لیے ہمیں اچھا سلوک کرنا ہوگا۔ لوگ آپ سے تبھی جڑیں گے جب سلوک اچھا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ تیجسوی یادو نے منگل کو امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پورا بہار جان رہا ہے کہ ان کا مقصد کیا ہے۔ یہ کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں۔ ان کا نام سنتے ہی پورے ملک میں چرچا ہے کہ ان کا کام کیا ہے۔