لاک ڈاؤن کے باوجود تعمیری کام جاری، کے ٹی آر اور دیگر وزراء کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔20۔ مئی(سیاست نیوز) ریاستی وزیر اینمل ہیسبنڈری سرینواس یادو نے کہا کہ اگست کے مہینہ تک حیدرآباد میں 50,000 غریب خاندانوں میں ڈبل بیڈروم مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ دسہرہ تک ایک لاکھ مکانات کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔ حیدرآباد میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر پر آج وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا ۔ ریاستی وزراء سرینواس یادو ، ملا ریڈی ، پرشانت ریڈی ، محمود علی کے علاوہ میئر حیدرآباد وی رام موہن اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد حدود میں ہر بے گھر خاندان کو گھر فراہم کیا جائے گا ۔ لاک ڈاؤن کے باوجود مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 10,000 مکانات غریب خاندانوں کو الاٹ کئے جاچکے ہیں۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے بتایا کہ غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت سنجیدہ ہے اور اس اسکیم پر تیزی سے عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں مختلف مقامات پر 80 فیصد سے زائد ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے ۔ بعض مقامات پر استفادہ کنندگان میں مکانات تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مکانات کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی اور استفادہ کنندگان میں الاٹ کردیئے جائیں گے ۔ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں کے ٹی آر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تعمیری کام میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ تعمیر کے سلسلہ میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اسپیشل چیف سکریٹری چترا رام چندرن ، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے مینجنگ ڈائرکٹر دانا کشور بھی اجلاس میں شریک تھے ۔