وبائی کی دوسری لہر کے دوران صحافیوں کی مثالی خدمات ، ٹی یو ڈبلیو جے کی میڈیا ڈائری کی رسم اجراء ، ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ کا کہنا ہے کہ اگلے 45 دنوں میں کورونا وائرس کے بڑی تیزی کے ساتھ پھیلنے کے امکانات پائے جاتے ہیں ۔ ان حالات میں عوام بالخصوص صحافیوں کو کوویڈ قواعد کی سختی سے پابندی کرنی چاہئے ۔ وزیر صحت فینانشیل ہب کوکہ پیٹ میں اپنی قیام گاہ پر تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کی میڈیا ڈائری برائے سال 2022 کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد صحافیوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے صحافیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے اس دور میں بھی صحافی پورے خلوص اور جذبہ کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں حالانکہ کورونا کی دوسری لہر میں بے شمار صحافی اپنی زندگیوں سے محروم بھی ہوئے ۔ ہریش راؤ نے ان خیالات کا اظہار ایک ایسے وقت کیا جب کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 58097 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جب کہ اومی کرون سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2135 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ وہ صد فیصد ٹیکے لیں کیوں کہ وہ مسلسل عوام کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں ۔ ہریش راؤ نے پر زور انداز میں کہا کہ کے سی آر حکومت عوام اور خاص طور پر صحافیوں کی خدمت کے لیے سنجیدہ ہے اور صحافی وبا کے اس دور میں حکومت سے مدد حاصل کریں حکومت ان کی مدد کے لیے تیار ہے ۔ اس موقع پر انڈین جرنلسٹس یونین کے صدر کے سرینواس ریڈی ، سکریٹری وائی نریندر ریڈی ، حکومت آندھرا پردیش کے مشیر برائے ذرائع ابلاغ مسٹر ڈی امر ، آئی جے یو کے قائد مسٹر ایم اے ماجد ، کے ستیہ نارائنا ٹی یو ڈبلیو جے کے صدر ، سکریٹری خواجہ وراحت علی نائب صدر ایم اے قادر فیصل ، مسٹر مہیپال ریڈی ، اے راجیش ، صدر ایچ یو جے محمد ریاض احمد ، غوث مدنی اور دوسرے موجود تھے ۔۔