پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی ترجمان راجیو رنجن پرساد نے الزام لگایا کہ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کو 2025 کے اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن لیڈر بننے کے لائق سیٹیں بھی نہیں ملیں گی۔ پرساد نے جمعہ کو میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو اور محترمہ رابڑی دیوی کے دور حکومت میں بد حال بہار کو وزیراعلی نتیش کمار نے سنوارنے کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی آئندہ اسمبلی انتخابات میں اتنی سیٹیں حاصل نہیں کر پائے گی کہ تیجسوی کو اسمبلی میں اپوزیشن کا لیڈر بھی کہا جا سکے ۔پارٹی کے قومی ترجمان نے تیجسوی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے لوگ لالو کے جنگل راج کو یاد کرتے ہوئے اب بھی کانپ جاتے ہیں جب دن دیہاڑے لوگوں کا قتل کیا گیا تھا اور لوگوں کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا تھا۔ خوف کی وجہ سے لوگ شام ہوتے ہی گھروں میں چھپ جاتے اور خواتین کا گھروں سے نکلنا مشکل تھا۔ ترقی کے نام پر لوگوں کو الجھانے سے پہلے تیجسوی کو پہلے اپنے والدین کی حکمرانی کے بارے میں جاننا چاہیے اور بہار کے لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے ۔