اگنی پتھ اسکیم واپس نہیں ہوگی، مظاہرین کیلئے افواج میں کوئی جگہ نہیں، فوجی سربراہان

,

   

نئی دہلی : مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کے درمیان فوج نے اسکیم کے بارے میں شکوک و شبہات کو دور کرنے کی کوشش کی۔ انھوں نے بتایا کہ اسکیم کا مقصد افواج کو زیادہ طاقتور بنانا ہے اور یہ بھی واضح کردیا کہ اسے واپس نہیں لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسکیم کے خلاف تشدد میں ملوث افراد کو فوج میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف جاری احتجاج کے درمیان وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو تینوں افواج کے سربراہوں کے ساتھ میٹنگ کی۔اس کے بعد تینوں افواج کے سربراہان نے پریس کانفرنس کر کے پلان کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔اس میں فوجی امور کے ایڈیشنل سکریٹری لیفٹیننٹ جنرل انیل پوری نے مرکز کے منصوبے کے مکمل بلیو پرنٹ کے ساتھ تین چیزیں واضح کیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یہ منصوبہ واپس نہیں کیا جائے گا۔ دوسری بات یہ کہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف تشدد میں ملوث افراد کو فوج میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ تیسرا یہ کہ، اس اسکیم میں نوجوانوں کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جو بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، وہ کسی دباؤ میں نہیں ہیں، بلکہ انہیں تجویز کیا گیا تھا۔پی سی میں اعلیٰ دفاعی افسر نے کہا کہ فوج میں بڑی تعداد میں فوجی ہیں جن کی عمریں 30 سال ہے۔ فوج کے جوانوں کی عمر کا پہلو بھی تشویشناک ہے۔ ایسے میں ہم فوج میں جذبہ اور شعور دونوں کا امتزاج چاہتے ہیں۔ لیفٹننٹ جنرل پوری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگنی پتھ اسکیم غیر ملکوں میں جاری مختلف ماڈلوں کا مطالعہ کرنے کے بعد لائی گئی ہے اور ہندوستان میں اس طرح کی اسکیم کے بارے میں سب سے پہلے سال 1989 میں بات چیت شروع ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے اس طرح کی یوجنا شروع کرنے کی مسلسل کوشش کی جارہی ہے لیکن اس میں اب کامیابی ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر پچھلے دو سال سے جوانوں کی بھرتی نہیں کی جاسکی تھی اور اسے اتفاق کہیں یا کچھ اور لیکن اس دوران دو سال تک اس یوجنا پر خوب غوروخوض کیا گیا اور اس کے بعد اگنی پتھ یوجنا شروع کی گئی۔اس کا بنیادی مقصد افواج کو نوجوان اور زیادہ طاقت ور اور تکنیک اور ٹیکنالوجی سے لیس بنانا ہے۔ملک کا دفاع مضبوط کرنے کیلئے یہ اقدام کرنا بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ سال 1989 میں فوج کی اوسط عمر 30 تھی جو بڑھکر 32 سال ہوگئی ہے۔ نئی یوجنا نافذ ہونے کے کچھ سالوں بعد یہ اوسط عمر 24 سے 26 سال تک ہوجائے گی۔ ایک دیگر سوال کے جواب میں لیفٹننٹ جنرل پوری نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت بھرتی ہونے والے اگنی ویروں کو درخواست جمع کرنے کے ساتھ ایک حلف دے کر یہ حلف لینا ہوگا کہ وہ کوئی بھی پرتشدد تحریکوں میں شامل نہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی اگنی ویروں کی پولیس انکوائری کرائی جائیگی اور جگہ جگہ لگے کیمروں سے بھی اس بات کی تصدیق کی جائیگی کہ اس امیدوار نے کسی بھی طرح کی تحریک یا مظاہرے میں حصہ نہیں لیا ہے۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ اپنا وقت برباد نہ کریں اور اگنی ویروں کیلئے ہونے والے بھرتی عمل کی تیاری کریں۔