اگنی پتھ اسکیم پر تیواری کا بیان اُن کی ذاتی رائے :کانگریس

   

نئی دہلی: اگنی پتھ کو قومی مفاد کے خلاف بتانے والی کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے اس اسکیم کو دفاعی اصلاحات کی سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیا توکانگریس نے خود کو ان کے بیان سے الگ کرکے اسے تیواری کا ذاتی خیال قرار دیا ہے ۔کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ٹویٹ کیا کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے اگنی پتھ پر ایک مضمون لکھا ہے ۔ کانگریس ایک جمہوری پارٹی ہے لیکن یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ ان کے ذاتی خیالات ہیں پارٹی کے نہیں۔ پارٹی کو پختہ یقین ہے کہ اگنی پتھ قومی سلامتی اور نوجوانوں کے خلاف ہے ۔ یہ منصوبہ ایک بلڈوزر کی طرح ہے جو بغیر سوچے سمجھے عمل میں لایا گیا۔ تیواری نے انگریزی روزنامے میں ایک مضمون لکھا ہے جس میں کہا کہ اگنی پتھ دفاعی اصلاحات اور فوج کو جدید بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ کانگریس شروع سے ہی اس منصوبہ کی مخالفت کرتی رہی ہے اور اس کا کہنا ہیکہ اس سے ملک کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی اور نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہو جائے گا۔ اس منصوبے کے خلاف پورے ملک میں زبردست ہنگامہ ہوا۔