اگنی پتھ :نوجوانوں کو صنعتکاروں کا چوکیدار بنانے کی تیاری: اکھلیش

   

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ اگنی پتھ اور اگنی ویر ہندوستان کو دھوکہ دینے کا فیصلہ ہے۔اس فیصلے سے حکومت نے غریبوں، کسانوں کے بیٹوں کے خواب چکنا چور ہوگئے ہیں۔انہوں نے بی جے پی حکومت کے اصلاحاتی فیصلوں پر بھی سوال اٹھائے۔ نوجوانوں کو عارضی نوکریاں دے کر صنعتکاروں کا چوکیدار بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔بی جے پی حکومت یہ اسکیم صنعت کاروں کے کہنے پر ہی لانچ کیا ہے۔ایس پی کے ضلع جنرل سکریٹری رام پرکاش شاکیا کو خراج عقیدت پیش کرنے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے نامہ نگاروں سے کہا کہ نہ صرف نوجوان اگنی پتھ اور اگنی ویر اس کی مخالفت کر رہے ہیں بلکہ پورے ملک میں اس کی شدید مخالفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فوج کو آؤٹ سورس کرنا ہے۔لوگ فوج میں ملک کی خدمت کے لیے آتے ہیں۔ غریب کسانوں کے بیٹے فوج میں بھرتی ہونے کے لیے گلیوں اور کھیتوں میں دوڑ لگاتے ہیں۔دن رات محنت کر کے فوج میں بھرتی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن حکومت نے یہ خواب ظالمانہ طریقہ سے چکنا چور کر دیا ہے۔ نوجوانوں میں فوج کی وردی پہن کر ہندوستان کی خدمت کرنے کا جذبہ ہے،مگر فوج کی ملازمت کو عارضی بنا کر فوج کی عزت کو پامال کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔حکومت بجٹ بچانے کے لیے ایسے فیصلے کر رہی ہے۔صنعتکاروں کی بادشاہت قائم کی جار ہی ہے، اور صنعتکاروں کی سیکورٹی کے لیے تربیت یافتہ افراد تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حکومت نفرت پھیلا رہی ہے اور ذات پات اور مذہب کو دیکھ کر کام کرتی ہے، جو کہ ملک کے لئے بدترین امر ہے۔