اہلیتی امتحانات کیلئے انٹر کے 35 فیصد مارکس کو اقل ترین نشانات تصور کیا جائے گا

   

کسی بھی وقت رہنمایانہ خطوط کی اجرائی ممکن۔ محنت سے پڑھنے والے طلبہ اپنے من پسند کورسس میں داخلہ لے سکتے ہیں
حیدرآباد۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) کورونا بحران کے پیش نظر تعلیم برائے نام جاری ہے۔ مسلسل دو سال سے پبلک امتحانات کے بغیر دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کامیاب ہوئے ہیں جس سے بیشتر طلبہ اپنے نشانہ کے مطابق مارکس حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اس طرح گزشتہ سال فیل ہونے والے انٹر فرسٹ ایئر کے طلبہ کو بھی 35 فیصد مارکس سے پاس کردیا گیا ہے ۔ ایسے طلبہ انٹرمیڈیٹ میں کامیابی کے باوجود ایمسٹ۔ لاسیٹ جیسے انٹرنس امتحانات تحریر کرنے کے مواقعوں سے محروم ہوئے ہیں۔ اس طرح اہلیتی امتحانات تحریر کرنے مقررہ نشانات سے کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے۔ مثال کے طور پر ایمسٹ یا لاسیٹ (5 سالہ کورس) کے انٹرنس ٹسٹ تحریر کرنے کے لئے او سی، بی سی طبقات کے طلبہ کو 45 فیصد اور محفوظ زمرے کے طلبہ کو 40 فیصد مارکس حاصل کرنا لازمی ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم نے مختلف کورسیس میں داخلوں کے لئے 35 فیصد مارکس کو کافی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹر میں 35 فیصد مارکس حاصل کرنے والے طلبہ کو مختلف انٹرنس امتحانات تحریر کرنے کی اجازت دینے سے اتفاق کیا ہے۔ جس سے طلبہ کو پروفیشنل کورسیس میں داخلہ لینے کا موقع فراہم ہو رہا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کی جانب سے بہت جلد رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ انٹر اور ڈگری کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ ریاست کے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے مختلف انٹرنس امتحانات تحریر کرتے رہتے ہیں۔ لا (قانون) انجینئرنگ، اگریکلچر، پالٹکنیک کے علاوہ دوسرے کورسیس میں داخلوں کے لئے آئندہ ماہ سے مسلسل انٹرنس امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ان امتحانات میں اچھے مارکس حاصل کرنے کے باوجود انٹر میں مقررہ مارکس حاصل نا کرنے پر متعلقہ کورسیس میں داخلہ حاصل نہیں ہوگا۔ حکومت کے تازہ فیصلہ سے طلبہ کا یہ مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ انٹرمیں اقل ترین مارکس حاصل کرنے والے طلبہ زیادہ محنت سے پڑھتے ہیں اور انٹرنس امتحانات میں اچھے مارکس حاصل کرتے ہیں تو وہ اپنے من پسند کورسیس میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انٹرنس امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کو حکومت نے ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔ ایمسٹ۔ لا سیٹ اور دوسرے انٹرنس امتحانات کے لئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ امتحانات کے ایک ہفتہ قبل تک درخواستیں داخل کرنے کا موقع فراہم کرنے کا عہدیداروں نے فیصلہ کرلیا ہے۔ ایک دو دن میں سرکاری طور پر اس کا اعلان کرنے کا قوی امکان ہے۔ کورونا کے پیش نظر مقررہ وقت پر درخواستیں داخل نہ کرنے والے طلبہ کے لئے آخری تاریخ میں بار بار توسیع کی گئی ہے۔ معمولی جرمانہ فیس ادا کرنے پر امتحانات سے ایک ہفتہ قبل تک درخواستیں داخل کرنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ لاسیٹ انٹرنس ٹسٹ کے لئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 15 جولائی تک توسیع کی گئی ہے۔