شادی کے اخراجات میں کمی کے اقدامات، چیف منسٹر کے سی آر کی منفرد اسکیم
حیدرآباد۔/9 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے انتخابی حلقہ گجویل کے عوام کو اپنے بیٹوں، بیٹیوں کی شادی بیاہ کے موقع پر فنکشن ہال کے اخراجات سے نجات دلانے منفرد قدم اٹھایا ہے جس کے تحت اہم طبقات کیلئے عصری سہولتوں سے آراستہ فنکشن ہالس؍ کمیونٹی ہالس تعمیر کئے جائینگے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل گجویل میں 3 تا5 کروڑ کے مصارف سے مسلمانوں، عیسائیوں اور ہندوؤں کیلئے فنکشن ہالس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ دلت، مدیراج اور ویشیا کمیونٹیز بھی ہندو سماج کیلئے تعمیر کئے جانے والے کمیونٹی ہالس سے استفادہ کرپائیں گے۔ شادی بیاہ پر غریب اور متوسط طبقات کیلئے فنکشن ہال کے اخراجات اضافی بوجھ کی طرح ہیں۔ گجویل میں ایک عام فنکشن ہال کا ایک دن کا کرایہ 50 ہزار تا ایک لاکھ روپئے تک ہے ایسے میں چیف منسٹر سے مقامی افراد نے نمائندگی کی تھی کہ اہم طبقات کیلئے فنکشن ہال؍ کمیونٹی ہال تعمیر کرتے ہوئے مفت شادی کا انتظام کریں تاکہ غریبوں کی تائید حاصل ہوسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اسمبلی حلقہ کے ہر بڑے گاؤں میں فنکشن ہالس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ گجویل ریاست کا پہلا اسمبلی حلقہ ہوگا جہاں تمام سہولتوں سے آراستہ فنکشن ہالس اہم مذاہب اور طبقات کیلئے تعمیر کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر جاریہ ماہ اس اسکیم پر عمل آوری کا منصوبہ رکھتے ہیں اور اسمبلی حلقہ کے بعض بڑے مواضعات میں زیر تعمیر کمیونٹی ہالس کا افتتاح کریں گے۔ حکومت کے تعمیر کردہ فنکشن ہالس شادی بیاہ کیلئے مفت الاٹ کئے جائیں گے۔3 کروڑ روپئے کے صرفہ سے مدیراج اور ویشیا کمیونٹی کیلئے فنکشن ہال کی تعمیر عمل میں آئے گی جبکہ دلتوں کیلئے امبیڈکر بھون کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اسکیم کے تحت 82 بڑے مواضعات کا احاطہ کیا جائیگا۔ بتایا گیا کہ تعمیری کام بعض علاقوں میں آخری مراحل میں ہیں اور تین ماہ میں افتتاح انجام دیا جائیگا۔ کے سی آر نے 2014 میں پہلی مرتبہ گجویل اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی اور 2018 میں دوسری مرتبہ اسی حلقہ کا انتخاب کیا۔ کے سی آر نے گجویل کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے گجویل ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا قیام عمل میں لایا ہے جس کے اسپیشل آفیسر کے طور پر آئی اے ایس عہدیدار کا تقرر کیا گیا۔ گذشتہ 9 برسوں میں گجویل نیکئی شعبہ جات میں نمایاں ترقی کی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کے سی آر نے 9 برسوں میں گجویل کی نئی صورت گری کی ہے۔ر