ای بس سرویس کو مرکزی کابینہ کی منظوری

   

نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے آلودگی سے پاک پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے 57,613 کروڑ روپے کی پردھان منتری ای۔بس سرویس کو منظوری دیدی ہے ۔اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے چہارشنبہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ ٹھاکر نے کہا کہ اس گرین ٹرانسپورٹ سروس کے لئے منظور شدہ 57 ہزار 613 کروڑ روپے کی کل رقم میں سے 20 ہزار کروڑ روپے کی رقم مرکزی حکومت برداشت کرے گی اور باقی رقم ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 169 شہروں میں سے پہلے 100 شہر اس سروس کیلئے منتخب کیے جائیں گے اور ان میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ پر مبنی اس اسکیم کے تحت بسوں کے چلانے کیلئے فی کلومیٹر کی شرح سے ادائیگی کی جائے گی۔ اس رقم کا فیصلہ مسابقتی بولی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔