’ای سی آئی‘ کو اپنا نام بدل کر ’وی سی آئی‘ رکھ لینا چاہیے: کانگریس ترجمان راگنی نائک

   

پٹنہ ۔28 ؍اگست ( ایجنسیز)بہار میں جاری ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران انڈیا بلاک میں شامل کچھ پارٹیوں کے ترجمانوں نے مشترکہ طور پر دربھنگہ میں ایک پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی قومی ترجمان راگنی نائک نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شرم و حیا اور جمہوری وقار کو طاق پر رکھ کر الیکشن کمیشن مودی جی کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بن گیا ہے اور ان کے اشاروں پر ناچ رہا ہے۔ ایسے میں یہ کہنا کچھ غلط نہیں ہوگا کہ ای سی آئی (الیکشن کمیشن آف انڈیا) کو رسمی طور پر اپنا نام بدل کر وی سی آئی یعنی ’ووٹ چور آف انڈیا‘ رکھ لینا چاہیے۔راگنی نائک نے ووٹ چوری پر راہول گاندھی کی پریس کانفرنس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ چوری کا پردہ فاش کرنے کے لیے مہادیوپورا کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی کی پریس کانفرنس تاریخی تھی جس نے ملک کے لوگوں کی آنکھیں کھول دیں۔ ووٹر ادھیکار یاترا نے مودی جی کے ہوش تو اڑا ہی دیے ہیں ساتھ ہی پورے بہار میں ایسا ماحول تیار کر دیا ہے کہ چپے چپے سے ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ نعرہ گونجتا ہوا سنائی دے رہا ہے۔ جب یاترا نکل جاتی ہے، اس کے بعد چوک چوراہے، گلی کے نکڑ، چائے اور پان کی دکانوں پر لوگوں کو کہتے ہوئے سنا جاتا ہے کہ ووٹ چوری اور اوپر سے سینہ زوری۔