ای وی ایم میں گڑبڑی کا الزام‘ کانگریس امیدوار کا اقدام خودکشی!

   

گاندھی نگر :گجرات میں بی جے پی کی کارکردگی سے سبھی حیران ہیں۔ کانگریس لیڈروں نے بھی گجرات میں شکست کا اعتراف کر لیا ہے۔ حالانکہ کانگریس کے گاندھی دھام سے امیدوار بھرت سولنکی نے ای وی ایم میں گڑبڑی کا الزام عائد کرتے ہوئے ووٹ شماری مرکز پر ہی خودکشی کی کوشش کی۔ میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھرت سولنکی نے اپنے گلے میں پھندا باندھتے ہوئے خودکشی کی کوشش کی۔ حالانکہ وہاں موجود لوگوں نے انھیں ایسا کرنے سے روک دیا۔اس دوران بی جے پی رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے بی جے پی کی کارکردگی کو حیرت انگیز بتایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ رجحانات میں بی جے پی کو جتنی سیٹیں ملتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں اس پر آنکھوں کو یقین نہیں ہو رہا۔گجرات میں بی جے پی کو ریکارڈ کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی بہت پیچھے ہیں ۔