پولیس پر فرقہ پرست اور موقع پرست سیاستدانوں کے اشاروں پر کام کرنے کا الزام
حیدرآباد۔10فبروری(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاگریٹر حیدرآبادکی نئی کمیٹی کی تشکیل عمل میںلائی گئی اور سی پی ائی کے ریاستی جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے پھر ایک مرتبہ ای ٹی نرسمہا کو قومی عاملہ کا جنرل سکریٹری منتخب کیاہے ۔ اور امید ظاہر کی کہ وہ شہر حیدرآباد میںپارٹی کو مضبوط کریں گے۔ ای ٹی نرسمہا نے اس موقع پر پارٹی قیاد ت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی خصوصی توجہہ حیدرآباد کے لئے حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائوکی جانب سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کو یاددلانے پر مرکوز رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ جتنے وعدے حیدرآباد اور خاص طور سے پرانے شہر کے لئے کئے گئے تھے ان میںسے ایک کو بھی پورا نہیںکیاگیاہے۔ ای ٹی نرسمہا نے کہاکہ میٹرو ٹرین کامعاملہ ہو یا پھر سرکاری اسکولوں کی بات پرانے شہر کو ہر شعبہ میں حکومت نے نظر انداز کیاہے ۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ حیدرآباد میںشہریوں کو ان کے جمہوری حقوق کے استعمال سے روکا جارہا ہے۔ انہو ںنے کہاکہ فرقہ پرست اور موقع پرست سیاسی جماعتوں کے درمیان میںساز باز ہے اور اس کاخمیازہ حیدرآباد اورپرانے شہر کی عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔ ای ٹی نرسمہا نے کہاکہ سی اے اے ‘ این آرسی اور این پی آر کے خلاف احتجاج سے روکا جارہا ہے اور حد تک یہ ہوگئی ہے کہ اگر ہم کسی فنکشن ہال‘ دفتر یاذاتی جائیداد کے احاطے میںبھی احتجاج کرتے ہیںتو ہمیں روک دیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس خواتین ‘ بچوں ‘ نوجوانوں او معمر افراد سے بھی بدسلوکی کررہی ہے۔فرقہ پرست اور موقع پرست سیاسی جماعتوں کے اشاروں پر پولیس کام کررہی ہے ۔