سرور ڈاون ہونے کی شکایت عام ۔ پاس کی اجرائی میں بھی تاخیر
حیدرآباد ۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ای۔پاس کی اجرائی کیلئے آن لائن وصول کی جانے والی درخواستوں میں نقائص اور ادخال کے دوران تکالیف کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور شہریوں کی جانب سے درخواست کے ادخال میں کامیابی کے باوجود ان کی درخواستوں کی یکسوئی کیلئے دو تا تین یوم لگ رہے ہیں جس کی وجہ سے کئی ان کی ایمرجنسی بھی ختم ہونے لگی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آن لائن درخواست داخل کرنے کے دوران اکثرسرور ڈاؤن کی شکایت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اگر درخواست داخل ہوجاتی ہے تو اس کی یکسوئی کیلئے مسلسل مشاہدہ کرنا پڑرہا ہے کیونکہ کئی شہریوں کو ایک دن کے پاس کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اس کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ ناقابل استعمال ہوتا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی کوششیں رائیگاں ثابت ہورہی ہیں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ جو ای ۔پاس جاری کئے جا رہے ہیں وہ تین یوم تک کارکرد ہوں گے لیکن جب پاس پر ایک دن کی مدت تحریر میں ہے تو پھر کس طرح سے وہ تین دن تک استعمال کیا جاسکتا ہے اس کا جواب کوئی نہیں دے رہا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ اگر کسی کے پاس بورڈنگ پاس ‘ ریلوے ٹکٹ ہے تو اسے سفر کی اجازت حاصل رہے گی اور جو لوگ دواخانہ جا رہے ہیں انہیں بھی ایٹینڈنٹ کارڈ دکھانے پر کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی لیکن ای ۔پاس کی اجرائی میں کی جانے والی کوتاہیوں کے سبب شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور عہدیداروں کی جانب سے مذکورہ دستاویزات کو قبول کرنے سے انکار کیا جا رہاہے اور بعض مقاما ت پر ای ۔پاس بھی قبول نہیں کیا جا رہاہے۔