راک سیریمکس میں کوالٹی کنٹرولر کمار کی 13اپریل کو ڈیوٹی کے دوران قلب پر حملہ سے موت
دوبئی9مئی (سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات میں رہنے والے جن ہندستانیوں کو لیکر ایئر انڈیا کے دو طیارہ چینائی گئے ہیں ان میں سے ایک میں خاتون اپنے شوہر کی نعش لیکر گئی ہے۔29سالہ کولمل اپنے شوہر ایل کمار (35) کی نعش لیکر جب ایئر انڈیا ایکسپریس پرواز آئی ایکس 540سے دیگر مسافروں کے ساتھ طیارہ میں سوار ہوئی تو اس دردناک منظر سے ہوائی اڈہ پر موجود تمام مسافر جذباتی ہوگئی۔ مرنے والے کے جسم کو طیارہ کے کارگو میں رکھ کر لایا گیا۔راس الخیمہ میں واقع راک سیریمکس میں سینئر کوالٹی کنٹرولر افسر کے طورپر کام کرنے والے کمار کا 13اپریل کو ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑجانے سے انتقال ہوگیا تھا۔محترمہ کولمل نے روتے ہوئے گلف نیوز سے کہاکہ ناشتہ کرنے کے بعد وہ اس دن بھی معمول کی طرح ڈیوٹی پر گئے ، صبح تقریباً 10بجے کمپلکس کے سیکورٹی گارڈ نے آکر بتایا کہ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ وہ مجھے انہیں دیکھنے کیلئے اپنے ساتھ لے جانا چاہتے تھے لیکن مجھے اجازت نہیں ملی۔ شام کو مجھے شوہر کے انتقال کے خبر ملی۔اس خاتون نے بتایا کہ تین برس پہلے اس کی شادی ہوئی تھی اور دو برس پہلے وہ یہاں آئی تھی۔ اس نے کہاکہ وہ میرے سب کچھ تھے ، بچے کی طرح وہ میرا خیال رکھتے تھے ۔ میں اس لئے زندہ ہوں کہ مجھے ان کا جسد خاکی مجھے واپس گھر لے جانا ہے ۔اپنے آنسووں کو روکتے اور خود کو سنبھالتے ہوئے کولمل نے کہاکہ میں نے کبھی تنہا سفر نہیں کیا۔ وہ مجھے تنہا چھوڑ گئے اور یہ میرا پہلا تنہا سفر ہے ۔ کسی عورت کو ایسا دن نہیں دیکھنا پڑے ۔طیارہ میں کولمل کے علاوہ 200 ورکر، 37حاملہ خواتین، کچھ بچے اور 42لوگ جنہیں صحت سے متعلق سے دقتیں تھیں۔دونوں طیارے چینائی گئے ہیں۔دوبئی میں ہندستانی قونصل جنرل آف انڈیا نے بتایا کہ دونوں طیاروں میں مجموعی طورپر 360مسافر تھے ۔