دو کمپنیوں کا مارکٹ شیر کی مسابقت کے بعد صارفین میں چہ مگوئیاں
حیدرآباد۔10۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ائیر لائنس کے بعد کیا اب موبائیل سروس کی باری ہے!ہندستان میں فضائی مسافرین کے بعد اب موبائیل صارفین کو بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ جس طرح سے ائیر لائنس کمپنیوں میں محض دو کمپنیوں کی اجارہ داری کے سبب انڈیگو نے اپنی من مانی کرتے ہوئے پروازوں کو منسوخ کیا اور ملک بھر میں مسافرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اسی طرح کسی بھی موبائیل صارفین کو بھی اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ مواصلاتی شعبہ میں بھی اب محض دو سرکردہ کمپنیو ںکی اجارہ داری ہوچکی ہے ۔ انڈیگو کا مارکٹ شیئر جو کہ 60 فیصد تک پہنچنے کے بعد دوسرا بڑا مارکٹ شیئرانڈین ائیر لائنس کے پاس تھا اس کے علاوہ دیگر کوئی کمپنی کے پاس کوئی قابل لحاظ شیئر نہیں تھا اسی لئے انڈیگو اپنی من مانی کرپائی اور یہی صورتحال اب موبائیل سروس پروائیڈر کی ہوتی جار ہی ہے۔ہندستان میں موبائیل سروس ائیر ٹیل کے علاوہ جیو کی ہے جو مواصلاتی خدمات کی فراہمی میں قابل لحاظ شیئر رکھتے ہیں۔جیو کمپنی جو کہ ریلائنس کی ہے اس کے پاس موبائیل مارکٹ کا 40 فیصد شیئر ہے جبکہ ائیرٹیل جیو کے ساتھ مسابقت کر رہا ہے جو 36 فیصد مارکٹ شیئر کی حامل کمپنی ہے اس کے علاوہ بی ایس این ایل جو کہ قومی کمپنی ہے وہ محض 8 فیصد مارکٹ شیئر کی حامل ہے علاوہ ازیں ووڈا فون اور آئیڈیا کمپنی جو کہ کبھی بازار میں باوقار کمپنیوں کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتی تھیں وہ 20 فیصد تک محدود ہوکر رہ گئی ہیں اسی لئے اگر فوری طور پر حکومت دیگر کمپنیوں کو مسابقت کا موقع فراہم نہیں کرتی ہیں تو ایسی صورت میں اس شعبہ کی بھی حالت شہری ہوا بازی کی طرح ہوسکتی ہے۔3
