ریاض: (کے این واصف)مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب کے بیشتر شہروں میں گرمی کی شدت اپنے نکتہ عروج کو چھونے لگی ہے۔ جبکہ ایام حج کا آغاز ہونے ہی والا ہے۔ سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ پیر 13 جون کوسب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سنٹی گریڈ مکہ شہر اور سب سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سنٹی گریڈ باحہ شہر میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے بعد سب سے زیادہ درجہ حرارت وادی الدواسر میں اور الاحسا میں ریکارڈ کیا گیا۔ان دونوں شہروں میں عام طور درجہ حرارت 45 ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔ شرور، ینبع، حفرالباطن، مدینہ منورہ، دمام اور الخرج میں درجہ حرارت 44 ڈگری سنٹی گریڈ رہا ہے۔دنیا بھر سے حجاج کرام مقامات مقدسہ پہنچنے بھی لگے ہیں۔ حج انتظامات کے ذمہ داران نے مہمانان رب العزت کو سخت موسم سے بچنے اور احتیاط برتنے کو کہا ہے۔ واضح رہے کہ مملکت میں جون اور جولائی میں شدید گرمی رہتی ہے۔