ریاستی وزراء کا الزام، حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے حکومت پرالزام تراشی
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین حکومت کے خلاف الزام تراشی کے ذریعہ اپنے دور حکومت کی بے قاعدگیوں سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے پاس واحد ایجنڈہ حکومت پر تنقید اور الزام تراشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار گوڑ کو پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کیا ہے اور ریاست میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کا آغاز کیا جارہا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے خلاف بی آر ایس قائدین کے بیانات ان کے ذہنی دیوالیہ پن کو ثابت کرتے ہیں۔ اسی دوران وزیر ایکسائیز جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے کمزور طبقات کو سماجی انصاف کے مقصد سے مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے اور 31 نومبر تک مردم شماری مکمل کرتے ہوئے حکومت سماجی انصاف کیلئے پیش رفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کی اپوزیشن کی جانب سے مخالفت افسوسناک ہے۔ ایر کنڈیشنڈ گھروں میں رہنے والے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین موسیٰ ندی کے اطراف غریب خاندانوں کی زندگی سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ ہر مسئلہ کو سیاسی مقصد براری کیلئے استعمال کررہے ہیں۔1