ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان نیوکلیئرتنصیبات کے معائنہ کی بحالی کا معاہدہ

   

تہران : 10ستمبر ( ایجنسیز ) ایران اور اقوام متحدہ کے نیوکلیئرنگران ادارہ (آئی اے ای اے) کے درمیان تعاون بحال کرنے کے معاہدہ پر دستخط ہوگئے۔مصر میں ہونے والے اس معاہدہ پر ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی اورعالمی جوہری نگران ادارے کے ڈائریکٹر نے دستخط کیے۔اس معاہدہ میں ایران کی جوہری تنصیبات کے معائنہ کی بحالی بھی شامل ہے تاہم اس معاہدہ کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔یہ معاہدہ مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ گروسی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ معاہدہ تکنیکی نوعیت کا ہے اور یہ قدم درست سمت میں اٹھایا گیا ہے۔یاد رہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے پیر کے روز اعلان کیا تھاکہ ایجنسی کو توقع ہے کہ وہ چند دنوں میں ایرانی حکام کے ساتھ ملک میں اپنی مکمل کارروائیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے ایک معاہدے تک پہنچ جائے گی۔