ایران اپنی غیر منطقی شرائط سے دستبردار ہو تو معاہدہ ہو سکتا ہے:امریکہ

   

واشنگٹن : امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر واپسی کا واحد راستہ اس کی غیر منطقی شرائط سے دستبرداری پر منحصر ہے۔ امریکی امور خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکہ، یورپی یونین کی معاہدے کے تحت خصوصی طور پر وضع کردہ حتمی شرائط پر اپنا جواب جلد دے گا۔نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ایک جامع مشترکہ پلان سے ہم آہنگ منطقی انجام تک پہنچنے کیلئے یہ ضروری ہوگا کہ ایران اپنی غیر منطقی شرائط سے دستبردار ہو جائے،ایران کی یہ شرائط غیر ضروری ہیں۔واضح رہے کہ ایرانی وفد کے مشیر محمد مراندی کا کہنا تھا کہ تہران نے یورپی یونین کے ساتھ جوہری مذاکرات کیحتمی معاہدے کے متن میں موجود شرائط پر غور کرتے ہوئے اپنے خدشات سے یورپ کو مطلع کر دیا اور کہا کہ ہماری شرائط مسائل کے حل میں کسی مشکل کا باعث نہیں بنیں گی۔