جیسلمیر کے آرمی ویلنس سنٹر میں تمام کی طبی جانچ ، تین افراد کورونا وائرس سے متاثر
نئی دہلی ۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)ایران سے 53 افراد پر مشتمل ہندوستانیوں کا چوتھا بیاچ آج وطن واپس ہوگیا ۔ اس طرح کورونا وائرس سے متاثرہ ایران سے واپس ہونے والے ہندوستانیوں کی تعداد بڑھ کر 389 ہوگئی ہے ۔ کل ہی ایران سے 230 ہندوستانیوں کو نئی دہلی لایا گیا اور ان کو جیسلمیر کے انڈین آرمی ویلنس سنٹر میں طبی جانچ ( قرنطنیہ ) میں رکھا گیا ہے ۔ یہ تیسرا بیاچ تھا جس کا ایران سے تخلیہ کروایا گیا تھا ۔ پیر کو 53 ہندوستانیوں پر مشتمل چوتھا بیاچ تہران اور شیران سے نئی دہلی پہنچا جن میں 52طلباء اور ایک ٹیچر شامل ہیں۔ وزیر خارجہ جئے شنکر نے اپنے ٹوئٹ میں ایران میں موجودہ ٹیم انڈیا اور ایرانی حکام کی کوششوں اور تعاون کے لئے اظہارتشکر کیا ہے ۔ ایران سے ہندوستانیوں کو لیکر میان ایئر کا طیارہ صبح تین بجے دہلی ایرپورٹ پر پہنچا جہاں سے اُنھیں ایئر انڈیا فلائیٹ کے ذریعہ جیسلمیر لیجایا گیا ، تین کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ ایران ان ممالک میں شامل ہے جو کورونا وائرس سے شدید طورپر متاثر ہوا ہے اور حکومت ہند ایران سے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے تمام اقدامات کررہی ہے جو وہاں پھنس گئے ہیں۔ ایران میں تاحال 700 افراد کورونا وائرس سے فوت ہوچکے ہیں جبکہ 14 ہزار سے زیادہ افراد اس سے متاثر ہیں۔ جئے شنکر نے راجیہ سبھا کو بتایا تھا کہ حکومت ہند ایران اور اٹلی میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو واپس لانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔
