ایران سے 550 ہندوستانیوں کا انخلاء، جے شنکر نے آرمینیا کا شکریہ ادا کیا

   

نئی دہلی: 16 مارچ (یو این آئی) وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے ایران سے 550 سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کے کامیاب انخلا میں تعاون کرنے پر آرمینیا کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ایران سے اب تک 550 سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کے محفوظ انخلا میں تعاون کرنے پر آرمینیا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان مشکل حالات میں ان کی حمایت قابلِ قدر ہے۔ اس سے قبل جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے بتایا کہ جاری جنگی صورتحال کے دوران ایران میں پھنسے 70 سے زیادہ ہندوستانی طلبہ، جن میں اکثریت جموں و کشمیر سے تعلق رکھتی ہے، آرمینیا اور دبئی کے راستے سے محفوظ طریقے سے واپس ہندوستان پہنچ گئے ہیں۔ یہ انخلا ایک مربوط کوشش کے تحت ممکن ہوا۔ایسوسی ایشن کے مطابق خطے میں جنگ جیسے حالات اور خراب ہوتی سکیورٹی صورتحال کے باعث یہ طلبہ ایران میں پھنس گئے تھے، تاہم اب وہ بحفاظت واپس آ رہے ہیں۔