واشنگٹن،7فروری (سیاست ڈاٹ کام) عراق کوایران سے قدرتی گیس اوربجلی کے درآمدات کو جاری رکھنے کی راحت دینے کے لئے امریکہ پابندیوں کے ضابطوں میں تبدیلی کرسکتا ہے ۔وال اسٹریٹ جرنل نے جمعرات کو امریکی اور عراقی افسران کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔امریکہ نے اکتوبر 2019 میں عراق کو 120دنوں تک ایران سے قدرتی گیس اور بجلی کے درآمدات کرنے کی راحت دی تھی،جو کہ اگلے ہفتے ختم ہونے والی ہے۔
عراق کے نئے وزیراعظم کے طورپر محمد توفیق علوی کے نئے وزیراعظم مقرر کئے جانے کے بعد حالات میں تبدیلی آئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مئی 2018 میں ایران نیوکلیائی معاہدے سے امریکہ کے الگ ہونے کا اعلان کیاتھا۔ایران کے اعلی فوجی جنرل قاسم سلیمانی کے ڈرون حملے میں مارے جانے کے بعد سے ہی دونوں ملکوں کے رشتے بہت ہی تلخ ہوگئے ہیں۔امریکہ اور عراق رشتوں میں بہتری لانے کے لئے کام کررہے ہیں۔اس نیوکلیائی معاہدے کے التزامات کو نافذ کرنے کے سلسلے میں بھی تعطل کی صورت حال بنی ہوئی ہے ۔امریکہ نے ایران پر کئی طرح پابندیاں لگائی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ سال 2015میں ایران نے امریکہ،چین ،روس،جرمنی،فرانس اور برطانیہ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے ۔معاہدے کے تحت ایران نے اس پر لگی اقتصادی پابندیوں کو ہٹانے کے بدلے اپنے نیوکلیائی پروگرام کو محدود کرنے پر اتفاق ظاہر کیاتھا۔