تل ابیب 24 نومبر (ایجنسیز) اسرائیل میں نئی مخلوط حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سنبھالنے والے سابق فوجی سربراہ گیڈی آئزن کوٹ نے نگراں وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے اس دعوے کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے ایران کی جانب سے فوری خطرے کا انتباہ دیا تھا۔ اسرائیلی پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئزن کوٹ نے کہا کہ اگرچہ ایران اسرائیل کی سلامتی کے لیے ایک سنجیدہ اسٹریٹجک خطرہ ہے، تاہم اس وقت ایسا کوئی براہِ راست اور فوری خطرہ موجود نہیں ہے جس کے لیے حکومت سازی سے قبل ہی فوجی کارروائی کی ضرورت پڑے۔ ان کا یہ بیان نیتن یاہو کے اس بیان کے برعکس سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ایران کے مبینہ خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے قومی اتحاد کی حکومت بنانے پر زور دیا تھا اور خطرے کو نظر انداز کرنے والوں پر سیاسی مفاد پرستی کا الزام لگایا تھا۔ واضح رہے کہ آئزن کوٹ کے پاس اتحادی حکومت قائم کرنے کے لیے 6 دسمبر تک کی مہلت ہے۔