تہران : ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع ٹرکش ایئرلائن کی خواتین ملازمین کی جانب سے اسکارف پہننے کی پابندی نہ کرنے پر پولیس نے کمپنی کا دفتر بند کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایرانی تسنیم نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیر کو پولیس افسران ’ٹرکش ایئرلائن‘ کے دفتر میں گئے اور ’سکارف کی پابندی نہ کرنے پر‘ پہلی وارننگ جاری کی۔تاہم ملازمین جو ایرانی شہریت رکھتے ہیں، انہوں نے مبینہ طور پر ’پولیس افسران کے لیے مسئلہ پیدا کیا‘ اور انہیں دفتر بند کرنے پر مجبور کیا۔تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ملازمین کے رویے کے باعث پولیس افسران نے دفتر کو بند کیا۔ٹرکش ایئر لائن کے دفتر کو بدھ کے روز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے اور معمول کے مطابق وہ اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں تاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔تسنیم نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ حجاب کی پابندی نہ کرنے پر پولیس کسی بھی کاروباری مرکز کو بند نہیں کرتی اور پہلے وارننگ جاری کرتی ہے۔تاہم اس تمام معاملے پر ایئرلائن کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔