تہران ۔ 17 اگست (ایجنسیز) ایران کے شورش زدہ جنوب مشرقی علاقے میں مسلح افراد اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ایک جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ایک جہادی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ جھڑپ ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان میں ہوئی۔ ایران کا یہ صوبہ ملک کے پسماندہ ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور یہاں اکثر سکیورٹی فورسز کی بلوچ باغیوں،سنی شدت پسند گروہوںاور منشیات کے اسمگلروں کے ساتھ جھڑپوں کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ایرانشہر میں مقامی پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔ سیستان بلوچستان میں بڑی تعداد میں بلوچ نسلی آبادی رہتی ہے، جن میں سے زیادہ تر سنی مسلمان ہیں، جبکہ ایران کی اکثریت شیعہ ہے۔فارس کے مطابق اس جھڑپ میں متعدد حملہ آور بھی زخمی ہوئے اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے جبکہ پولیس ان کا پیچھا کر رہی ہے۔