آپریشن سندھو کے تحت تاحال 1117 ہندوستانیوں کو بحفاظت لایا گیا:وزارت خارجہ
نئی دہلی ۔ 22؍جون (ایجنسیز) ایران اور اسرائیل میں شدید جنگ کے درمیان حکومت ہند کا ’آپریشن سندھو‘ جاری ہے۔ اس کی شروعات 18 جون سے ہوئی تھی جس کے تحت اب تک ایران میں پھنسے سینکڑوں ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت ملک واپس لایا جا چکا ہے۔ اس درمیان اتوار کو بھی مشہد سے ایک اور طیارہ 290 شہریوں کو لے کر دہلی پہنچا۔ اس طرح آپریشن سندھو کے تحت ہندوستان واپس لائے جانے والے لوگوں کی تعداد 1117 ہو گئی ہے۔وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آپریشن سندھو نے اپنی رفتار پکڑ لی ہے۔ جمعہ کو دیر رات اور ہفتہ کی صبح کئی خصوصی طیاروں سے ہندوستانی شہریوں کو نئی دہلی لایا گیا۔ ان میں طلبا، مذہبی مسافر اور دیگر ہندوستانی شہری شامل ہیں۔ وطن واپس لوٹے لوگوں نے راحت کی سانس لیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے وہاں حالات انتہائی خراب تھے، ہر روز میزائلوں کی آوازیں سنائی دیتی تھیں۔آپریشن سندھو کے تحت سب سے پہلے 110 میڈیکل طلبا کو واپس لایا گیا تھا۔ 20 جون کو رات میں 407 ہندوستانیوں کی واپسی ہوئی تھی۔ اس کے بعد رات 10.30 بجے کی فلائٹ میں 190 کشمیری طلبا سمیت 290 لوگ لوٹے تھے۔ وہیں اب ہفتہ کی رات کو 290 شہریوں کو واپس لایا گیا ہے۔ ان میں دہلی، ہریانہ، کرناٹک اور مغربی بنگال کے لوگ بھی شامل تھے۔ اس سے پہلے جمعہ کی دیر رات 3 بجے کی فلائٹ میں 117 لوگ تھے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے پوسٹ میں کہاکہ آپریشن سندھو پوری رفتار سے جاری ہے۔ایران سے واپس آئے لوگوں میں کافی خوشی اور راحت دیکھی گئی۔ اس موقع پر ایران سے واپس آئے سید نہال حیدر نے کہا کہ اب میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ جب ہم وہاں تھے، تو ہمیں ایسا لگ رہا تھا کہ ہم پھنس گئے ہیں لیکن حکومت ہند نے ہمارے لیے اچھے انتظام کیے۔ ایران حکومت نے بھی ہمارا ساتھ دیا۔ ایران سے آئی ایک اور ہندوستانی شہری پروین نے کہا کہ ہماری حکومت نے ہمیں یہاں واپس لانے میں مدد کی۔واضح رہے کہ حکومت ہند کی گزارش پر ایران نے ایئر اسپیس پر نافذ پابندی کو ہٹا کر ہندوستان کے تقریباً 1000 شہریوں کو نکالنے کی اجازت دی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر طلبا ہیں جو پڑھائی کرنے کیلئے وہاں گئے تھے۔