تہران ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے نتیجے میں درجنوں افراد وفات پا چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے نتیجے میں مرنے والے ایرانیوں کو ان کے لواحقین گھروں کے قریب گڑھے کھود کردفن کررہے ہیں جبکہ ان کی تدفین اور آخری رسومات میں کوئی دوسرا شخص شرکت نہیں کررہا ہے۔ کورونا وائرس کے نتیجے میں فوت ہونے والے ایک شخص کی نعش اس کے گھر کے احاطے سے 20 میٹر دور ایک گڑھا کھود کر دفن کی جا رہی ہے۔اس موقع پرکوئی سرکاری عہدیدار نہیں اور نہ ہی تدفین میں دوسرے لوگ شریک ہیں۔ فوٹیج میں متوفی کی ایک قریبی رشتہ دار کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر میت کے قریبی رشتہ داروں کو آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔
