ایران نے اسرائیل کے ڈیفنس سسٹم کو فیل کر کے سب کو حیران کردیا

,

   

5 افراد کی ہلاکت اور 80کے زخمی ہونے کو اسرائیل نے تسلیم کیا‘دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر حملے جاری

تہران، 14 جون (یو این آئی) ایران نے اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 13 اور 14 جون کی درمیانی شب اسرائیل کے متعدد مقامات کو نشانہ بناکر دنیا کو حیران کر دیا۔ایران نے اسرائیل پر کامیاب حملے کرکے اسرائیل کے جدید ترین ملٹی لیئر دفاعی نظام کو بھی فیل کردیا جس کے بعد دنیا بھر میں اسرائیلی نظام کی ناکامی موضوع بحث بن گئی۔اسرائیلی حکومت نے تسلیم کیا کہ ایران کے میزائلوں نے تل ابیب سمیت دیگر مقامات کو نشانہ بنایا جس سے کم از کم 5 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے ۔اسرائیل کی جانب سے تل ابیب سمیت دیگر اہم ترین مقامات پر جدید ترین دفاعی نظام ‘آئرن ڈوم’ سمیت دیگر دفاعی نظام نصب کیے گئے ہیں لیکن ایرانی میزائل ان نظاموں کو توڑنے میں کامیاب ہوگئے ۔امریکی اخبار ‘نیو یارک ٹائمز’ کے مطابق اسرائیل نے اپنے ایئر ڈیفینس سسٹم پر اربوں ڈالرز کی رقم خرچ کی ہے جنہیں وہ گزشتہ ایک سال سے ٹیسٹ بھی کر رہا ہے لیکن اب ایران کے میزائل اسرائیلی ڈیفینس سسٹم کو توڑ کر تل ابیب میں داخل ہوئے ۔ایرانی میزائلوں کا اسرائیلی ڈیفینس سسٹم کو عبور کرکے ہدف کو نشانہ بنانا پوری دنیا میں موضوع بحث بن گیا اور دفاعی تجزیہ نگار ایرانی حملہ پر حیرانی کا اظہار بھی کرتے دکھائی دیے ۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق اسرائیل نے اپنی حفاظت کے لیے چار مختلف جدید ترین ایئر ڈیفینس متحرک کر رکھے ہیں جن کے مختلف کام ہیں۔اسرائیل کے چاروں مختلف دفاعی نظام بڑی رینج سے لے کر چھوٹی رینج تک اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں سمیت دیگر راکٹوں اور ڈرونز کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن 13 اور 14 جون کی درمیانی شب ایرانی میزائلوں نے ان سسٹمز کو کراس کرکے سب کو حیران کردیا۔اسرائیل کے چار ایئر ڈیفینس سسٹمز میںآئرن ڈوم (Iron Dome)‘ڈیوڈز سلنگ (Davids Sling)‘ایرو 2 اور3 (Arrow 2 and 3)اورآئرن بیم (Iron Beam) شامل ہیں۔نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران کی طرف سے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک اس کے بھاری بیلسٹک میزائل ہیں جو آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ تیزی سے خلا کے کنارے پر پرواز کرتے ہیں۔یہ ایران اور اسرائیل کے درمیان تقریباً 1,000 میل کا فاصلہ صرف چند منٹوں میں طے کر سکتے ہیں۔اخبارکے مطابق ایرو 3 جیسے اینٹی میزائل سسٹم جن کے پاس مہنگے انٹرسیپٹرز کا محدود ذخیرہ ہوتا ہے ہمیشہ اپنے بیلسٹک میزائل اہداف کو نشانہ نہیں بنا پاتے اس لیے ایران بڑے بیلیسٹک میزائلوں سے اپنے نتائج حاصل کر سکتا ہے ۔دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں ۔

ایران میں اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں 5 افراد گرفتار
تہران، 14 جون (یو این آئی) ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے شہر یزد میں 5 افراد کو اسرائیل کے ساتھ تعاون اور جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا جو مبینہ طور پر مختلف سائٹس کی تصاویر لیکراسرائیلی انٹیلی جنس سروسز کو معلومات بھیج رہے تھے ۔
رپورٹس کے مطابق یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں کی گئی جب ایران اور اسرائیل کے درمیان حالات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک جنگ کی صورتحال میں ہیں تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔