ایران و عراق کے تعلقات تاریخی امریکہ قابل اعتماد نہیں: وزیر خارجہ جواد ظریف

   

تہران 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے وزیر خارجہ نے الفرات ٹیلی ویڑن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے عراق پر ایران کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کیلئے دباو ڈالا جس میں اسے ناکامی ہوئی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران و عراق کے تعلقات کو دوستانہ اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے آپس میں روابط ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران ،عراق کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے کہا کہ تہران نے ہمیشہ ہی عراق کو مغربی ایشیا کا ایک اہم ستون قرار دیا اس لئے کہ عراق کے بغیر علاقے کی سلامتی متاثر ہو سکتی ہے۔ محمد جواد ظریف نے سید عمار حکیم کی جانب سے ایران،عراق،مصر،ترکی اورسعودی عرب کے مابین علاقائی سطح پر گفتگو کی تجویز پر کہا کہ ایران علاقائی تعاون کیلئے تمام تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران شروع سے علاقائی ممالک کے عوام کے ساتھ تھا کہا کہ تہران کا خیال ہے کہ صرف علاقائی ممالک ہی علاقے کے بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں۔ محمد جواد ظریف نیسعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ایران سعودی عرب سمیت تمام ھمسایہ ممالک کے ساتھ گفتگو کیلئے تیار ہے لیکن وہ سعودی حکام ہیں جنہوں نے گفتگو کیلئے سنجیدگی نہیں دکھائی۔