جوائنٹ ایکشن کمیٹی تلنگانہ و آندھرا کا مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے روبرو احتجاج ، سرکردہ شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔6 مارچ۔ (سیاست نیوز) ایران پر اسرائیلی اورامریکی جارحیت کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی تلنگانہ وآندھرا کے زیر اہتمام تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ جوائنٹ کمیٹی تلنگانہ کے ذمہ داران کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے دانشوار اور سیاسی لیڈران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جے اے سی قائدین نے مکہ مسجد تا چارمینار قدیم بس اسٹانڈ تک ریالی نکالنے کی کوشش کی مگر پولیس نے انہیں روک دیا‘ ہاتھوں میںسیاہ پرچم تھامے جے اے سی کارکنان اسرائیل اور امریکہ مردہ آباد کے نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں نتن یاہو‘ ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی پرچم پر مشتمل پوسٹرس او ربیانرس بھی تھے جنھیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ایک مقام پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذکورہ پوسٹرس او ربیانرس کو لے کر ہاتھا پائی بھی ہوئی اور پولیس نے مظاہرین کے ہاتھوں سے اسرائیلی پرچم پر مشتمل پوسٹرس او ربیانرس چھین لئے ۔کنونیر جے اے سی راشد خان نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسرائیل کے ایران پرجارحانہ حملوں کی سخت الفاظ میںمذمت کی ۔ انہوں نے اس موقع پر عرب ممالک اور عالمی امن پسند اداروں کی خاموشی پر بھی سوال کھڑا کیا۔شاہی مسجد باغِ عامہ کے باہر بھی جے اے سی کے ذمہ دران نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی او رامریکی حملوں پر برہمی کا اظہار کیا۔بعدازاں معلنہ احتجاجی پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے چیرمن جے اے سی مشتاق ملک نے کہاکہ حیدرآباد میںدومقامات کے علاوہ تلنگانہ بھر میں ایران پر صیہونی حملوں کے خلاف فلیش احتجاجی مظاہرے انجام دئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ایران کے روحانی لیڈر آیت اللہ خامنہ ائی اسرائیل کے فضائی حملوں میں شہید ہوگئے ہیں۔مشتاق ملک نے کہاکہ باطل طاقتوں کے آگے سر نگوں ہونے یا ان کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کرتے ہوئے موت کو گلے لگانے کے حسینی کردار کا نمونہ آیت اللہ خامنہ ائی کی شہادت کے ذریعہ ہمیںملتا ہے۔ مشتاق ملک نے ایران پر حملوں کے خلاف احتجاج کررہے جے اے سی کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی اور ہاتھوں سے بیانرس او رپوسٹرس چھیننے کے واقعات کی بھی سخت الفاظ میںمذمت کی ۔ مشتاق ملک نے کہاکہ تلنگانہ پولیس کو یہ احساس ہونا چاہئے کہ وہ شمالی ہندوستان کی ریاست نہیں بلکہ جنوبی ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد میںہیںاور یہاں پر بی جے پی کی نہیں بلکہ کانگریس کی حکومت ہے اور کانگریس کا ہمیشہ سے موقف ایران اور فلسطین کی حمایت ‘ اسرائیل کی مخالفت کا رہا ہے اس کے باوجود مظاہرین کو روکنا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کرنا افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی خلاء بازیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ میںپیش آنے والے واقعات کی روک تھام میںمذکورہ خلاء بازیو ںکے کارفرما ہونے کے خدشات کا بھی اظہار کیا۔ مولانا تقی رضا عابدی‘ محمد مجیب اللہ شریف کانگریس پارٹی انچارج چارمینا ر اسمبلی حلقہ ‘ ایس اے منان سی پی آئی‘ شہباز علی خان امجد صدر مہدویہ قومی مومنٹ کے علاوہ دیگر بھی احتجاجی مظاہرے کے موقع پر موجود تھے۔