نیویارک، یکم مارچ(یواین آئی ) نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فوجی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے ان کارروائیوں کو “غیر قانونی جارحانہ جنگ” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدامات خطے کو ایک ایسی تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں جس کا کوئی اختتام نہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں میئر ممدانی نے کہا کہ ایران کے شہروں پر بمباری اور معصوم شہریوں کی ہلاکتیں ایک انتہائی المناک اور تباہ کن پیش رفت ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی عوام ایک نیا جنگی محاذ کھولنے کے حق میں نہیں ہیں اور یہ کارروائیاں عوامی امنگوں کے برعکس ہیں۔میئر ظہران ممدانی نے نیویارک میں مقیم ایرانی نژاد امریکیوں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہیں مکمل تحفظ کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا، “ایرانی نژاد نیویارکرز اس شہر کی بنیادوں اور ساخت کا لازمی حصہ ہیں، آپ ہمارے پڑوسی ہیں اور آپ اس شہر میں مکمل محفوظ ہیں۔ظہران ممدانی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے اندر سے ہی ایران کے خلاف عسکری مہم جوئی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے ۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میئر نیویارک کا یہ سخت موقف ڈیموکریٹک حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ان خدشات کی عکاسی کرتا ہے جو اس جنگ کے عالمی اثرات سے خوفزدہ ہیں۔