ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی :عراقچی

   

تہران، 22 جون (یو این آئی) ایران نے تین ایرانی نیوکلیئرتنصیبات پر امریکی حملے کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی تنبیہ کی ہے ۔امریکی حملے کے بعد ایران کے پہلے ردعمل میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں لکھاکہ امریکہ جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے ، نے ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر حملہ کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور نیوکلیئرعدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کی سنگین خلاف ورزی کی ہے ۔ عراقچی نے کہاکہ آج صبح کے واقعات توہین آمیز ہیں اور اس کے ابدی نتائج ہوں گے ۔ اقوام متحدہ کے ہر رکن کو اس انتہائی خطرناک، لاقانونیت اور مجرمانہ رویے پر تشویش ہونی چاہیے ۔ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اس کے اپنے دفاع میں جائز ردعمل کی اجازت دینے والے اس کے التزامات کے مطابق، ایران اپنی خودمختاری ، مفادات اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام اختیارات محفوظ رکھتا ہے ۔