ایران پر حملہ کر کے امریکہ نے ایک نئی جنگ کا آغاز کردیا ہے : روس

   

ماسکو، 22 جون (یواین آئی) روس کی سیکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین اور سابق روسی صدر دمتری میدویدیف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملہ کر کے امریکا کے لیے ایک نئی جنگ کا آغاز کر دیا ہے ۔برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق دمتری میدویدیف نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر لکھا کہ ٹرمپ ‘امن پسند صدر’ کے طور پر آئے تھے ، انہوں نے امریکہ کے لیے ایک نئی جنگ چھیڑ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کو کامیابی قرار دینے کے بعد ٹرمپ نوبیل امن انعام نہیں جیت سکیں گے ۔روس کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی آر) کے رہنما لیونڈ سلٹسکی نے کہا کہ ان حملوں کی امریکا کے لیے کوئی عسکری وجہ نہیں تھی اور یہ بین الاقوامی قانون کے تحت جائز قرار نہیں دیے جا سکتے ۔سلٹسکی، جو روسی پارلیمان (ڈوما) کی بین الاقوامی امور کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، نے ٹیلیگرام پر لکھا کہ اس کشیدگی کے نتائج خطے سے آگے جا سکتے ہیں۔انہوں نے پیغام میں کہا کہ واشنگٹن بخوبی جانتا ہے کہ تہران کی جوابی کارروائی ناگزیر ہے ، یہ سب تصادم کے دائرے کو ایک نئی سطح پر لے جا رہا ہے اور تیسری عالمی جنگ کے خطرات میں اضافہ کر رہا ہے ۔