ایران پر حملہ:ٹرمپ نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا

   

واشنگٹن، 13جون (یو این آئی) مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ڈونالڈ ٹرمپ نے فوری ردعمل ظاہر کیا ہے ۔اسرائیل کے حملے کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی ہے ، اور اس میں امریکہ کا کوئی عمل دخل نہیں ہے ، ہم ایران پر حملے میں شامل نہیں ہیں، ہماری پہلی ترجیح خطے میں امریکی افواج اور عملے کا تحفظ ہے ۔تاہم اب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حالات کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے ، امریکی میڈیا مطابق یہ اجلاس اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر بلایا گیا ہے ۔
نیتن یاہو نے مودی کو ایران پر حملے کی معلومات دیں
نئی دہلی، 13 جون (یواین آئی) اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیلی فون پر ایران پر حملے اور وہاں کی صورتحال کی معلومات دیں۔مودی نے ایکس پر پوسٹ میں بتایا، “اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا فون آیا۔ انہوں نے مجھے ابھرتی ہوئی صورتحال کے بارے میں معلومات دیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہندوستان کے خدشات کا اظہار کیا اور علاقے میں امن و استحکام کی جلد بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔

اسرائیل نے سفارتی مشنوں کو بند کرنے کی ہدایت دی
تل ابیب، 13 جون (یواین آئی) اسرائیل نے دنیا بھر میں اپنے سفارتی مشنوں کو بند کرنے کی ہدایت دی ہے اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کہیں بھی باہر نکلتے ہوئے ایسی کوئی بھی علامت ظاہر نہ کریں جس سے ان کا اسرائیلی یا یہودی ہونا نظر آئے ۔یہ بات اسرائیلی حکام کی طرف سے اسرائیلی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر اس وقت اپ لوڈ کی گئی جب ایران پر اسرائیل نے وسیع پیمانے پر حملے کیے ۔ یہ بھی کہا گیا ہیکہ اسرائیل موجودہ صورتحال میں قونصلر سروسز پیش نہیں کر سکے گا۔ اس لیے شہری مقامی سیکیورٹی حکام کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع دینے کیلئے مقامی سیکیورٹی حکام سے رجوع کریں۔

ایران نے انتقام کی علامت ’سرخ جھنڈا‘ لہرا دیا
تہران ،13 جون(یو این آئی) اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے انتقام کی علامت ‘سرخ جھنڈا’ لہرا دیا اور کہا اسرائیل سے انتقام لیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد ایرانی حکومت نے قم کی مسجد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا ، جو علامتی اعلان جنگ سمجھا جاتا ہے ۔اسرائیل کے ایران کے ’جوہری اور فوجی مقامات‘ پر حملے میں آرمی چیف اور پاسداران انقلاب کے سربراہ سمیت دو سینئر جوہری سائنسدانوں کی شہادت کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔واضح رہے شہر قم اہل تشیع کے لیے مقدس شہر سمجھا جاتا ہے ، اس کی مشہور جمکرن مسجد پر جھنڈا لہرانے کی وڈیو ایرانی پریس ٹی وی کے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ہے ۔